دن کا آغاز تلاوت کلام پاک، اسلامی جمہوریہ پاکستان اور اس کے عوام کے لیے خصوصی دعاؤں اور توپوں کی سلامی سے ہوا۔ یوم تشکر کے موقع پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر (ہلال امتیاز اور ستارہ امتیاز ملٹری) نے مزار قائد پر حاضری دی۔ انہوں نے بابائے قوم کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
کراچی کور ہیڈ کوارٹرز میں پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ ایک اور یادگاری تقریب ملیر گیریژن میں یادگار شہدا پر ہوئی جہاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور کور کمانڈر کراچی نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس پروقار موقع پر متعدد وزراء، چیف سیکرٹری سندھ اور اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے یادگار شہدا پر سلامی پیش کی۔ وزیراعلیٰ اور کور کمانڈر نے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور مادر وطن کے لیے ان کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کے خلاف ایک مضبوط رکاوٹ کا کام کرتی ہیں اور اس یقین کا اظہار کیا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں کا اعادہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام اور فوج کے درمیان اتحاد پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا جس کی سرزمین اپنے شہداء کے خون سے مالا مال ہے۔
شہید ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ سے بات کرتے ہوئے کور کمانڈر نے کہا کہ پاکستانی افواج نے اپنے بہادر سپاہیوں کے غیر متزلزل حوصلے اور ایمان کی بدولت دشمن پر فتح حاصل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء قومی خزانہ ہیں اور ان کی قربانیوں کی بدولت پاکستان اب تمام خطرات کے خلاف بنیان مرسوں کی طرح متحد ہے۔
پنو عاقل اور حیدرآباد گیریژنز سمیت سندھ کے دیگر اضلاع کے علاوہ پاکستان کوسٹ گارڈز اور سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں بھی یوم تشکر کے حوالے سے تقریبات منعقد کی گئیں۔ اس دن کو پاکستان پولیس، مختلف سول اداروں اور سوسائٹی کے اراکین نے آپریشن بنیان المرصوس کی کامیابی کی یاد میں منایا۔