کراچی – فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے کراچی میں جعلی دستاویزات کے ذریعے ویزا حاصل کرنے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں افراد کو امریکی ویزے کے حصول کے لیے جعلی طبی دستاویزات فراہم کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔
یہ گرفتاریاں امریکی قونصلیٹ کی شکایت کے بعد کی گئیں۔ ملزمان کی شناخت محمد توصیف خان اور عمران نذیر سلہری کے نام سے ہوئی ہے جنہیں امریکی قونصلیٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ملزمان نے طبی بنیادوں پر امریکی ویزے کے حصول کے لیے جعلی طبی دستاویزات تیار کیں۔ وہ عقیل اور تبسم ضیا نامی ایجنٹوں سے رابطے میں تھے۔
ایجنٹ عقیل نے 10 لاکھ روپے کے عوض ملزم توصیف کو ویزا دینے پر رضامندی ظاہر کی تھی جبکہ ملزم عمران نذیر نے اسی مقصد کے لیے ایجنٹ تبسم ضیا کو 25 لاکھ روپے دینے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
ملزمان نے جعلی دستاویزات کے ذریعے امریکی قونصلیٹ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔