راولپنڈی – انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے سکھوں کی آبادی والے علاقوں کو جان بوجھ کر نشانہ بناتے ہوئے اپنی ہی سرزمین پر چھ بیلسٹک میزائل گرائے ہیں۔
رات گئے پریس بریفنگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے انکشاف کیا کہ بھارت نے چھ بیلسٹک میزائل فائر کیے جن میں سے پانچ امرتسر اور ایک آدم پور میں گرا۔
انہوں نے واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے نشاندہی کی کہ ہندوستان کی اقلیتیں اندرونی سازشوں کا شکار ہو رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سکھ برادری کے ساتھ مکمل یکجہتی میں کھڑے ہیں۔
قبل ازیں جمعہ کو بین الاقوامی میڈیا کو بریفنگ کے دوران فوجی ترجمان نے کہا کہ بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مذہبی مقام کو 6 ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی جسے کامیابی سے روک کر تباہ کر دیا گیا۔
جنرل احمد شریف نے مزید کہا کہ بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتی گروہوں کو حملوں کا سامنا ہے، ان کے خلاف تشدد کی کھلی دھمکیاں تواتر سے دی جا رہی ہیں۔