فیصل آباد تھانے کے اندر فائرنگ سے تین بھائی جاں بحق

فیصل آباد – پاکستان کے شہر فیصل آباد میں ایک پولیس سٹیشن کے لاک اپ میں حریف گروپ نے تین بھائیوں کو قتل کر دیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ مسلح افراد صدر تھانے میں داخل ہوئے اور زیر حراست افراد پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین حقیقی بھائی جاں بحق اور ان کے کزن زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے ملزمان کو تین افراد کے قتل کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

فیصل آباد کے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) کامران عادل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تھانے میں سیکیورٹی کوتاہی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

پولیس نے فائرنگ کے الزام میں چار مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ حملے میں ملوث دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس نے تصدیق کی کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

کمیٹی کی سربراہی ڈی آئی جی سپیشل برانچ فیصل علی راجہ کریں گے، اے آئی جی آپریشنز پنجاب زاہد نواز مروت اور اے آئی جی کمپلینٹس احسان اللہ چوہان بھی انکوائری کمیٹی کا حصہ ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ انکوائری کمیٹی صدر تھانے پر حملے اور اس کی سیکیورٹی میں کسی کوتاہی کے ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں