پاکستان نے بہتر گول فرق کی بنیاد پر ایف آئی ایچ نیشنز ہاکی کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ فرانس کے خلاف سیمی فائنل کا مقابلہ جمعہ کو شیڈول ہے۔
کوالالمپور میں جاری ٹورنامنٹ میں ملائیشیا کو آگے بڑھنے کے لیے جاپان کو دو گول کے مارجن سے ہرانا تھا۔ تاہم جاپان نے آخری چار منٹ میں گول کر کے پاکستان کا سیمی فائنل میں راستہ صاف کر دیا۔
پاکستان اور ملائیشیا دونوں نے گروپ مرحلے میں چار چار پوائنٹس کے ساتھ اختتام کیا، لیکن پاکستان ایک بہتر گول کے فرق کی وجہ سے آگے نکل گیا۔
اس سے قبل پاکستان کو نیوزی لینڈ سے قریبی میچ میں 4-3 کی سکور لائن سے شکست ہوئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے عبدالرحمان نے 13ویں اور 14ویں منٹ میں لگاتار دو گول کیے جبکہ تیسرا گول رانا وحید اشرف نے 28ویں منٹ میں کیا۔
نیوزی لینڈ کے سکاٹ کوسلیٹ نے ہیٹ ٹرک اسکور کی اور نائس ووڈ نے ایک اور گول کر کے جیت پر مہر ثبت کی۔