کراچی – پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے 20 اپریل تک ملک کے کئی حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ شام کے اوقات میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ، میانوالی، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
مری، گلیات اور گردونواح میں دن کے وقت موسم خشک رہے گا جبکہ شام یا رات کے اوقات میں تیز ہوائیں چلنے، گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ بالائی اور وسطی اضلاع میں شدید گرم رہنے کے ساتھ دوپہر کے وقت تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، خضدار اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، کرم، باجوڑ، مہمند، اورکزئی، پشاور، ہنگو، کوہاٹ، ٹانک، کرک اور گردونواح میں بعض مقامات پر گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔