اسلام آباد – بھارت کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پر پابندی لگانے کے چند دنوں بعد پاکستان نے بھی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی لائیو سٹریمنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی۔
پہلگام واقعے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ بھارت میں پی ایس ایل کی نشریات پر پابندی کے جواب میں پاکستان نے آئی پی ایل کی لائیو سٹریمنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
اس سے قبل آئی پی ایل کے میچز پاکستان میں مختلف چینلز اور ایپس کے ذریعے دیکھے جا رہے تھے لیکن اب آئی پی ایل کے میچز پاکستان میں نہیں دیکھے جا سکیں گے۔
بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جس میں مقبوضہ کشمیر میں بندوق کے حملے میں 26 سیاح مارے گئے تھے۔
واقعے کے فوراً بعد بھارتی حکومت نے کوئی ثبوت فراہم کیے بغیر پاکستان پر الزام لگانا شروع کر دیا جبکہ اسلام آباد نے واضح طور پر اس الزام کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا۔