پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسکواش اسٹار نور زمان نے کوالیفائرز کے فائنل راؤنڈ میں شاندار کارکردگی کے بعد باوقار برٹش اوپن اسکواش چیمپئن شپ کے مین ڈرا کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
زمان، جنہوں نے حال ہی میں ورلڈ انڈر 23 اسکواش چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، نے چار گیمز کے سنسنی خیز مقابلے میں کوالیفائر میں تیسری سیڈ مصر کے کریم التورکی کو شکست دے کر بین الاقوامی سرکٹ پر اپنی شاندار دوڑ جاری رکھی۔ مقابلہ 46 منٹ تک جاری رہا جس میں زمان نے 11-5، 11-8، 3-11 اور 11-7 کے اسکور کے ساتھ فتح حاصل کی۔
پاکستانی نوجوان نے اس سے قبل پہلے راؤنڈ میں انگلینڈ کے ول سالٹر اور دوسرے میں ایڈرین والٹر کو شکست دے کر فائنل کوالیفائنگ کا ٹاکرا قائم کیا تھا۔
اتوار کو مین ڈرا کے پہلے راؤنڈ میں زمان کا مقابلہ انگلینڈ کے کرٹس ملک سے ہوگا۔ ان کی اہلیت پاکستان اسکواش کے لیے ایک اہم کامیابی ہے، کیونکہ وہ 2022 میں طیب اسلم کے بعد برٹش اوپن مین راؤنڈ میں حصہ لینے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔