حال ہی میں جاری ہونے والے ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2025 کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ نے عالمی درجہ بندی میں نمایاں پیش رفت دکھائی ہے۔
سنگاپور دنیا کے مضبوط ترین پاسپورٹ کے طور پر اس فہرست میں سرفہرست ہے، جو اپنے ہولڈرز کو 193 ممالک تک ویزہ کے بغیر رسائی فراہم کرتا ہے۔ اس کے بعد جاپان اور جنوبی کوریا کا نمبر آتا ہے، جن کے شہری 190 ممالک میں بغیر ویزے کے سفر کر سکتے ہیں۔
جرمنی، آئرلینڈ، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، اٹلی اور اسپین تیسرے نمبر پر ہیں جہاں 189 ممالک تک ویزہ کے بغیر رسائی ہے۔
انڈیکس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ نے بتدریج ترقی کی ہے اور اب اسے عالمی سطح کے 100 بہترین پاسپورٹوں میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان 100 ویں نمبر پر ہے، صومالیہ اور یمن کے ساتھ اس کی جگہ ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آف پاسپورٹ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے آن لائن پاسپورٹ کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں اور وزارت داخلہ کے مسلسل تعاون سے پاکستان کی پاسپورٹ رینکنگ کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔