2025 کے پہلے تین ماہ میں لاہور میں 150 سے زائد خواتین کی عصمت دری، 27 قتل

لاہور – رواں سال 2025 کے پہلے تین مہینوں میں خواتین کے خلاف تشدد کے حوالے سے نمایاں تعداد میں کیسز رپورٹ ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق جنوری سے 31 مارچ تک 27 خواتین کو قتل اور 151 خواتین کی عصمت دری کی گئی۔

محکمہ پولیس کے اشتراک کردہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ تین ماہ کی مدت میں خواتین کے اغوا ہونے کے 1,182 واقعات رپورٹ ہوئے۔ اغوا ہونے والی خواتین میں سے صرف 988 کو بازیاب کرایا گیا جب کہ 194 کا پتہ نہیں چل سکا۔

جرائم پیشہ افراد نے 138 بچوں کو بھی اغوا کیا جن میں سے 14 بچوں کا سراغ نہیں مل سکا۔ گزشتہ تین ماہ میں خواتین سے زیادتی کے 151 مقدمات درج ہوئے جن میں سے 110 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 41 کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے 47 کیسز سامنے آئے جن میں 44 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور تین کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

ڈی آئی جی فیصل کامران کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں زیرو ٹالرنس ہے، انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر کیسز حل ہوچکے ہیں جبکہ دیگر کیسز میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں