کراچی – بھارتی حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا ایکس (سابقہ ٹویٹر) اکاؤنٹ بھارت میں بلاک کر دیا ہے۔
پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمان نے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر لگایا تھا لیکن اب سچ سامنے آنے کے بعد مودی سرکار بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے اقدامات دراصل پاکستان کے موقف کو تقویت دے رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سنو مودی سرکار- آوازوں کو دبا کر سچائی کو خاموش نہیں کیا جا سکتا۔
دریں اثناء بلاول ہاؤس کے ترجمان نے بھی اکاؤنٹ کی معطلی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب ظاہر ہے کہ مودی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے خوفزدہ ہیں، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارت ایک غیر جمہوری ملک ہے اور مودی بزدل ہے۔
انہوں نے مزید ریمارکس دیے کہ ’پہلگام معاملے پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیانیے نے مودی کو پریشان کر دیا، ان کا ایکس اکاؤنٹ بلاک کرنا شتر مرغ کے مترادف ہے جیسے اپنا سر ریت میں دفن کر رہا ہو‘۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ’’یہ بلاول بھٹو زرداری تھے جنہوں نے سب سے پہلے ’’گجرات کے قصائی‘‘ کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، چیئرمین بلاول مودی کی جنگی ذہنیت کا آئینہ دار رہیں گے۔