حکومت نے بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے 10 لاکھ روپے تک قرض کا اعلان کر دیا

اسلام آباد – وفاقی حکومت نے وزیراعظم یوتھ لون سکیم کو بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے توسیع دینے کا اعلان کیا ہے۔

پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ بیرون ملک ملازمت کے لیے جانے والوں کو ٹریننگ، ویزہ، سفری اخراجات اور ابتدائی سیٹلمنٹ کے اخراجات میں مدد کے لیے 10 لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو بہتر معاشی مواقع فراہم کرنا اور انہیں بین الاقوامی جاب مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کے قابل بنانا ہے۔

رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ اپنا مستقبل سنوار سکیں اور ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے کہا کہ نوجوان افراد کو اب لیپ ٹاپ کے لیے قرضے حاصل کرنے کی سہولت میسر ہوگی۔

اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو بہتر تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کر سکیں اور قومی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔

چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے بتایا کہ اس سکیم کے تحت ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے منظور شدہ اداروں میں داخلہ لینے والے 18 سے 30 سال کے طلباء لیپ ٹاپ کے لیے قرضے حاصل کرنے کے اہل ہوں گے، جس سے ان کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم یوتھ لون سکیم کے تحت اب تک 186 ارب روپے سے زائد کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں جو اس اقدام کی کامیابی اور نوجوانوں کے اس پر اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

حکومت اس اسکیم کو وسعت دینے کے لیے مزید اصلاحات متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس سے ملک کے نوجوانوں کے لیے مزید فوائد کو یقینی بنایا جائے۔ اس اقدام سے نہ صرف تعلیم اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ معاشی استحکام کو بھی فروغ ملے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں