پی آئی اے کی پہلی خصوصی پرواز ایران سے پھنسے ہوئے 107 پاکستانیوں کو وطن لے آئی

اسلام آباد – ایران سے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو لے کر پی آئی اے کی پہلی خصوصی پرواز اشک آباد سے اسلام آباد پہنچ گئی۔

پرواز PK-9552 کے ذریعے ایران میں پھنسے ہوئے 107 مسافر آج صبح 3 بجے بحفاظت وطن واپس پہنچ گئے۔

ایرانی فضائی حدود کی بندش کے باعث ایران میں موجود پاکستانی شہریوں نے ترکمانستان کے شہر اشک آباد کا زمینی سفر کیا تھا۔

اس پورے آپریشن میں ایران اور ترکمانستان میں پاکستانی سفارتخانوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔ قومی ایئرلائن کی یہ خصوصی پرواز حکومت پاکستان کی ہدایات پر روانہ کی گئی۔

مسافروں نے حکومت اور پی آئی اے کے بروقت اقدام کو قابل ستائش قرار دیا۔

پی آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ قومی مفاد میں مشکل کی گھڑی میں خدمات فراہم کرنا ہماری دہائیوں پرانی روایت کا تسلسل ہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں وزیراعظم شہباز شریف نے ایران میں پاکستانی زائرین کی بحفاظت واپسی اور تحفظ کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

وزیراعظم کی ہدایت پر دفتر خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ سیل قائم کر دیا گیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں حالات معمول پر آنے تک دفتر خارجہ اور ایران میں پاکستانی سفارتخانے کو چوکنا رہنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ لکھیں