اسلام آباد:
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ تین دن کے دوران شدید دھند کے امکانات کے پیش نظر اہم الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ کے مطابق پنجاب، سندھ اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے کئی علاقوں میں حدِ نگاہ نمایاں طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لاہور، جھنگ، ملتان، خانیوال، میاں چنوں اور ساہیوال سمیت متعدد شہروں میں شدید دھند چھانے کا امکان ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اتھارٹی کے مطابق پاکپتن، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں، وہاڑی اور اوکاڑہ میں بھی دھند کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔ جبکہ بالائی سندھ خصوصاً سکھر اور گردونواح میں دھند کے باعث سڑکوں پر سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا رہ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں رات اور صبح کے اوقات کے دوران شدید دھند چھائی رہنے کا امکان ہے، جس سے حدِ نگاہ کم ہو سکتی ہے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ دھند کے باعث ٹریفک حادثات کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی چلاتے وقت رفتار کم رکھیں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور دوسری گاڑیوں سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم اور ٹریفک سے متعلق تازہ ترین ہدایات پر عمل کریں اور احتیاطی تدابیر کو ترجیح دیں۔
