برسبین — پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی انجری کے باعث آسٹریلیا کی مشہور بگ بیش لیگ (BBL) سے باہر ہو گئے ہیں۔
شاہین آفریدی، جو بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کر رہے تھے، ہفتے کے روز ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ کے دوران گھٹنے میں تکلیف کا شکار ہو گئے۔ انجری کے باعث وہ میچ میں صرف تین اوورز ہی کرا سکے اور 14ویں اوور کے بعد میدان چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔
برسبین ہیٹ کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ شاہین آفریدی کو گھٹنے کی انجری لاحق ہوئی ہے، جس کے بعد ان کی مزید میچز میں شرکت ممکن نہیں رہی۔
بعد ازاں شاہین آفریدی نے سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا کہ انجری کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) نے انہیں فوری طور پر وطن واپس آنے کی ہدایت کی ہے، جہاں وہ اپنی مکمل بحالی کا عمل شروع کریں گے۔
انہوں نے برسبین ہیٹ کی ٹیم مینجمنٹ اور مداحوں کی جانب سے ملنے والی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ جلد مکمل فٹ ہو کر دوبارہ میدان میں واپس آئیں گے
