اسپین میں کشتی حادثے میں 44 پاکستانی تارکین وطن جاں بحق ہوگئے

میڈرڈ – موریطانیہ سے غیر قانونی تارکین وطن کو لے کر سپین جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہونے سے 44 پاکستانیوں سمیت کم از کم 50 تارکین وطن ہلاک ہو گئے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق تارکین وطن کے حقوق کی تنظیم واکنگ بارڈرز نے اطلاع دی ہے کہ کشتی مغربی افریقہ سے سپین جا رہی تھی۔

2 جنوری کو موریطانیہ سے روانہ ہونے والی کشتی میں 86 افراد سوار تھے جن میں سے 66 پاکستانی تھے۔ صرف 36 مہاجرین کو بچایا گیا۔

پاکستانی متاثرین چار ماہ قبل یورپ پہنچنے کی امید میں اپنے گھروں سے روانہ ہوئے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں بارہ کا تعلق گجرات سے تھا۔

الارم فون نامی تنظیم نے انکشاف کیا ہے کہ چھ روز قبل لاپتہ ہونے والی کشتی کی اطلاع متعلقہ ممالک کے حکام کو دے دی گئی تھی۔

مزید برآں، 12 جنوری کو اسپین کی میری ٹائم ریسکیو سروس کو الرٹ کیا گیا لیکن دعویٰ کیا کہ انہیں کشتی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔

واکنگ بارڈرز کی سی ای او ہیلینا مالینو نے ایکس پر بتایا کہ متاثرین میں 44 پاکستانی بھی شامل ہیں جنہوں نے 13 دن تک سمندر میں مصائب برداشت کیے، کوئی بھی ان کی مدد کے لیے نہیں آیا۔

واکنگ بارڈرز نے یہ بھی بتایا کہ 2024 میں اسپین پہنچنے کی کوشش کے دوران ریکارڈ 10,457 تارکین وطن ہلاک ہوئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں