مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے کم از کم 25 افراد ہلاک ہو گئے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مسلح افراد نے جائے وقوعہ پر اندھا دھند فائرنگ کی اور فوراً فرار ہوگئے۔ کشمیر میڈیا سروس نے اطلاع دی ہے کہ حملہ آوروں نے سیاحوں کو نشانہ بنایا جو بیسران میڈوز کی سیر سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔
ابتدائی طور پر پانچ افراد کے ہلاک اور 20 کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ تاہم ناقص ایمرجنسی رسپانس کے باعث جائے وقوعہ پر مرنے والوں کی تعداد 20 ہو گئی۔
مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اسے حالیہ برسوں میں سیاحوں کو نشانہ بنانے کے مہلک ترین حملوں میں سے ایک قرار دیا۔
کشمیر میڈیا سروس نے مزید کہا کہ سیاحوں کی آمد کے پیش نظر سخت سکیورٹی اور اضافی تعیناتی کے باوجود حملہ پھر بھی ہوا۔